ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کشمیر الیکشن: سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے چھ نوجوان ہلاک

کشمیر الیکشن: سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے چھ نوجوان ہلاک

Mon, 10 Apr 2017 11:16:19    S.O. News Service

سری نگر،9 ؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )کشمیر میں دو پارلیمانی نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں ووٹنگ کے دوران کے احتحاج مظاہرین پر سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔بی بی سی کے مطابق بڈگام ضلع کے چرارشریف علاقے میں مظاہرین پر فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں چھ نوجوان ہلاک ہوگئے۔ہلاک ہونے والے نوجوان محمد عباس نثار احمد میر، شبیر احمد بٹ،عادل واسع اور فیضان ڈار ہیں۔تاہم سرکاری طور اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔بڈگام میں کئی مقامات پر مشتعل نوجوانوں نے پولنگ مراکز اور پولنگ عملہ کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔ کئی مقامات پر سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔حالیہ ہفتوں کے دوران مظاہرین پر فائرنگ کے واقعات میں نوجوانوں کی ہلاکتوں کے باعث لوگوں میں شدید غم و غصہ ہے اور پولنگ مراکز میں خال خال ووٹرز ہی دیکھے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق صبح دس بجے تک صرف ایک فی صد پولنگ ریکارڈ کی گئی تھی۔اتوارکوسرینگر، بڈگام اور گاندربل اضلاع پر مشتمل پارلیمانی نشست پر پولنگ ہورہی ہے۔ اس نشست کے لیے بارہ لاکھ ساٹھ ہزار ووٹرز کا اندراج ہوچکا ہے جبکہ ڈیڑھ ہزار پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں اور ان میں سے بیشتر کو حساس یا حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ اس نشست کے لیے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ سمیت نو امیدوار میدان میں ہیں۔انتخابات کے دوران اضافی سکیورٹی بندوبست کیا گیا ہے اور انٹرنیٹ کی سبھی طرح کی سہولیات معطل ہیں۔ حکومت ہند نے پہلے ہی20ہزارنیم فوجی اہلکاروں کو پولنگ مراکز کی نگرانی کے لیے تعینات کیا تھا۔بڈگام ضلع کے چاڈورہ قصبہ میں گذشہ ماہ ایک مسلح تصادم کے دوران شدت پسندوں کے حق میں مظاہرے ہوئے تھے جس کے بعد فورسز کی فائرنگ سے16 سالہ عامرفیاض نامی نوجوان ہلاک ہوئے۔مقتول نوجوان عامر کے والد فیاض احمد کہتے ہیں کہ 'اب تو یہاں کبھی بھی ووٹنگ نہیں ہوگی۔مکمل بائیکاٹ ہوگا۔ان کے والد فیاض احمدکہتے ہیں: '2014 میں یہاں اکثر لوگوں نے ووٹ ڈالے۔ میں نے بھی محبوبہ مفتی کی پارٹی پی ڈی پی کو ووٹ دیا لیکن انعام میں کیاملا؟ ۔میرا اکلوتا بیٹا قبر میں سورہا ہے۔ اب تو یہاں کبھی بھی ووٹنگ نہیں ہوگی۔ مکمل بائیکاٹ ہوگا۔


Share: